منگلورو 26/جون (ایس او نیوز) کورونا وباء کی وجہ سے ملتوی کیے گئے ایس ا یس ایل سی امتحانات کا سلسلہ کل شروع ہوا تو جنوبی کینرا میں کُل 29,032طلبہ کو امتحان دینا تھا، لیکن ڈی ڈی پی آئی کے ذرائع کے مطابق جملہ 1,658طلبہ غیر حاضر رہے اورصرف 27,374 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے۔
بتایاجا تا ہے کہ کرناٹکا کی سرحد ی علاقو ں میں واقع 29چیک پوسٹس سے جنوبی کینرا میں طلبہ کو امتحان گاہوں تک لانے کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔شہری علاقوں میں والدین کو امتحان گاہ تک اپنے بچوں کو لانے اور لے جانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی جبکہ کیرالہ سرحد پر بچوں کو لانے لے جانے کے لئے والدین کے لئے چیک پوسٹ پر ہی انتظار کرنا پڑا۔ سرحدی علاقے سے طلبہ کے لئے بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ لیکن جن بچوں طالب علموں کو وقت پر چیک پوسٹ تک نہ پہنچنے کی وجہ سے بس نہیں مل سکی ان کو خودڈی ڈی پی آئی اور دوسرے افسران نے اپنے طور پر امتحان گاہ تک پہنچانے کا کام انجام دیا۔طلبہ کے لئے امتحان گاہوں میں ماسک، سینیٹائزر اور تھرمل اسکریننگ وغیر ہ کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔لیکن کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ امتحان کا وقت ختم ہوتے ہی طلبہ کے باہر نکلتے وقت ایک دوسرے سے دوری بنائے رکھنے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
اڈپی ضلع سے ملی رپورٹ کے مطابق وہاں پر 13,635طلبہ کو امتحان دینا تھا، لیکن صرف 12,873طلبہ امتحان میں شریک رہے۔ اس طرح 762 طلبہ امتحان سے غائب رہے۔یہاں امتحان میں شریک ہونے والوں میں مہاجر مزدوروں کے 82بچے بھی شامل رہے۔کنٹینمنٹ زون سے آنے والے طلبہ کے لئے الگ کمرے مہیا کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ 4طالب علم ایسے بھی تھے جن کے اندر سردی اور بخار کی علامات تھیں اس لئے ان کو باقی طلبہ سے الگ رکھ کر امتحان دینے کا انتظام کیا گیا۔طلبہ کوا متحان گاہوں تک پہنچانے کے لئے کئی غیر سرکاری تنظیموں نے بھی سہولتیں فراہم کی تھیں۔